لاہور،14اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ الحمداللہ آج پاکستان کو آزاد ہوئے 75 برس ہو گئے ہیں، یہ مملکت خداداد پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام اورتحفہ ہے، آج ہم یہ عہد کریں کہ ہمیں ایک عظیم تر قوم بننا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 75ویں یوم جشن آزادی پر اپنے پیغام میں پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت کی بدولت، علامہ اقبال کے اس خواب اور مسلمانان ہند کی خواہش کی تکمیل ممکن ہوئی،یاد رکھیے کہ اس حقیقت کو پانے کے لیے خون کے دریاؤں اور لاشوں کے انبار سے گزرنا پڑا تھا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اب یہ عہد کریں کہ ہمیں ایک عظیم تر قوم بننا ہے، اللہ تعالٰی نے ہمیں بہت سی خوبیوں سے نوازا ہے، جس میں جذبہ ایثار، حب الوطنی اور سرفروشی سر فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاک سرزمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہم سب مل کر اپنی خوبیوں کو یکجا کر کے اکٹھا چلیں، ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہوئے جانب منزل ایک توانا اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کریں جہاں خوشیاں ہوں، اعلی اخلاق، گفتار اور کردار کا مظاہرہ ہو اور بہترین حسن معاشرت ہو۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ آئیے ہم رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر کریں، اس چمن کی آبیاری کریں۔ کیونکہ اسی میں ہماری نسلوں کی اور تمام انسانیت کی بہتری پنہاں ہے۔ پاکستان زندہ باد۔











