آزادی بڑی نعمت ہے، ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کا مظاہرہ کیا جائے؛خواتین ارکان پارلیمان

2

 

اسلام آباد،12اگست  (اے پی پی):خواتین ارکان پارلیمان نے مادر وطن کی  ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو شایان شان انداز میں  منانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی بڑی نعمت ہے، ملک کو درپیش حالات  کا تقاضا ہےکہ قومی معیشت کے استحکام  اور ملک کو ترقی  و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار  کرنے کے لئے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کا مظاہرہ کیا جائے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے اے پی پی  سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ‏پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید نے کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ’’پاک سرزمین شاد باد‘‘کے عنوان سے تقریبات جاری ہیں جس میں تمام ارکان پارلیمنٹ بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ ہم پاک سرزمین کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات میں طالب علموں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور حصہ لے رہے ہیں جو  خوش آئند ہے۔

 جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے، پاکستان میں جمہوری نظام قائم ہے جس میں عوام کو اہمیت  حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباواجداد نے قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا۔  ہم سب کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر بڑھ چڑھ کر آزادی کی خوشیاں منانی چاہئیں۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ یوم آزادی ہم ہر سال بڑے جوش و جذبے سے مناتے ہیں، اس مرتبہ ملک کے بیشتر حصوں میں لوگوں کو سیلاب کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں،  وقت کا تقاضا ہے کہ  مشکلات میں مبتلا اپنے بھائی بہنوں کی بھرپور مدد کریں۔

 مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی قوت بنایا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور اقتدار کے بعد پاکستان میں جو حالات گزرے ہیں دعا ہے کہ آنے والے وقتوں میں پاکستان ایسے حالات نہ دیکھے اور  ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو۔

 جے یو آئی (ف) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ قوم کو یوم آزادی کے موقع پریہ پیغام ہے کہ قوم متحد رہے کیونکہ آج کل جو حالات چل رہے ہیں وہ انتہائی مشکل ہیں اور ان مشکل حالات میں بھی عوام نے ہمیشہ ملک کا ساتھ دیا ہے جس پر قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کی معیشت کو مستحکم کرے اور پاکستان کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔