اسلام آباد،3اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ (ترمیمی) بل 2020 کا جائزہ لینے اور رپورٹ مرتب کرنے کیلئے سینیٹر اعظم خان سواتی سینیٹ سیلیکٹ کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔
بدھ کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ (ترمیمی) بل 2020 کا جائزہ لینے اور 60 دن کے اندر بل کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرنے کیلئے سینیٹ سیلیکٹ کمیٹی کے چیئرپرسن کے انتخاب کیلئےاجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سینیٹر فیصل سلیم نے سینیٹر اعظم خان سواتی کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا جبکہ سینیٹرفوزیہ ارشدنے سینیٹر فیصل سلیم کے تجویز کردہ نام کی تائید کی۔ چیئرمین سلیکٹ کمیٹی منتخب ہونے پر سینیٹر اعظم خان سواتی نے اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ترمیمی بل پر کام کرنے کیلئے اراکین کمیٹی کا تعاون درکار ہوگا، بل پر اراکین کمیٹی کا نقطہ نظر خوش آئند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ (ترمیمی) بل 2020 کو حتمی شکل دینے کیلئے اراکین کمیٹی کے تعاون کی ضرورت ہوگی-
کمیٹی کے اراکین نے چیئرمین سلیکٹ کمیٹی منتخب ہونے پر سینیٹر اعظم خان سواتی کو مبارکباد دی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ (ترمیمی) بل 2020 سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے پیش کیا گیا تھا جس پر بحث اور رپورٹ مرتب کرنے کیلئے بل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ بھیجا گیا-چونکہ سینیٹر مشتاق احمد بل پر رپورٹ سے مطمئین نہیں تھے جس کے بعد مشاورت سے سلیکٹ کمیٹی بنائی گئی-سلیکٹ کمیٹی ،بل پر 60 دن میں رپورٹ مرتب کرنے کی پابند ہوگی۔
سینیٹ سلیکٹ کے اجلاس میں سینیٹرز اعظم خان سواتی، شہادت اعوان،رانا مقبول احمد، جام مہتاب حسین، فوزیہ ارشد، فیصل سلیم، سردار محمد شفیق ترین، سرفراز احمد بگٹی ، نوابزادہ عمراور مشتاق احمد نے اجلاس میں شرکت کی۔











