چاغی ، 08 اگست (اے پی پی ): وزیر اعظم فلڈ ریلیف کمیٹی کے رکن اور وزیر مملکت برائے توانائی میر محمدہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی امداد میں ہاتھ بٹانے کے لیے وفاقی حکومت نے غیر ملکی این جی اوز سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی کے علاقے دالبندین میں اپنے رہائش گاہ پر مقامی صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے توانائی میر محمدہاشم نوتیزئی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں میر خورشید جمالدینی، میر جمعہ کبدانی اور ملک محمد ساسولی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے ہمراہ بلوچستان کے متعدد سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے خود چاغی، نوشکی اور خاران کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رخشان ڈویژن میں سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان نوشکی میں ہوا جہاں اب تک کی سروے کے مطابق پانچ ہزار خاندان متاثر ہوئے اس لیے نوشکی کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق چاغی نوشکی اور خاران میں سیلاب سے گھروں، فصلات، مال مویشیوں، سڑکوں، حفاظتی بندات، بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں میر محمدہاشم نوتیزئی کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے لیے 650 کھمبے و ٹرانسفامرز ہنگامی بنیادوں پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک نوشکی کے 1000 اور خاران کے 200 متاثرہ خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لیے 10 لاکھ جبکہ متاثرہ گھروں کے لیے 5 لاکھ امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم کے زیر صدارت 11 اگست کو فلڈ ریلیف کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔











