بہاولنگر، 3 اگست 2022 (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں دریائے ستلج سے ملحقہ حفاظتی بندوں اور نشیبی علاقوں کا جائزہ لیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پیشگی اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ حفاظتی بندوں اور پشتوں کی ہر لحاظ سے دیکھ بھال اور مضبوطی کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے روزانہ کی بنیادوں پر حفاظتی بندوں اور پانی کے بہاﺅ بارے صورتحال سے آگاہ رکھیں جبکہ حفاظتی بندوں کے اوپر اور ان کی رابطہ سڑکوں پر کسی قسم کی تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائے نیز حفاظتی بندوں پر جاری کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران کی طرف سے نقشہ جات کے ذریعے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہیلتھ ، زراعت ،لائیو سٹاک ،ریسکیو1122کو فوری امدادی کیمپ لگانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔











