پشاور، 29اگست(اے پی پی): حکومت خیبرپختونخوا نے سیلاب زدگان کی فوری شکایت اور فوری ریلیف کیلئے فلڈ رپورٹنگ ایپ تیار کرلی جو صوبائی وزیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان کی خصوصی ھدایات پر ہنگامی بنیادوں پر تیار کی گئی۔
عاطف خان نے ایپ کے بارے میں بتایا کہ سیلاب زدگان اب ایپ کے ذریعے ، دوائی،کھانے جیسے ریلیف کیلئے رپورٹ کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں متعلقہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اسی وقت متاثرہ علاقے کو فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین جلد ویب لنکhttp://floodrelief.kp.gov.pk سے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور ریلیف کیلئے اندراج کریں، علاوہ ازیں ایپ میں متاثرین کو ریلیف کی رسائی اور فیڈبیک کی مانیٹرنگ سسٹم بھی موجود ہے، ہم نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایپ ڈاونلوڈ کر کے استعمال میں لانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
سینئر وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے،اس موبائل ایپ کے ذریعے عوام حادثات کی نوعیت اور درکار مدد کی فوری رپورٹنگ کر سکیں گے۔











