لاہور،29اگست (اے پی پی): سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید،ایڈیشنل سیکرٹری زاہدہ،ڈاکٹراسداسلم خان،چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹرتنویرالاسلام،ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ڈاکٹرانور جنجوعہ و دیگرافسران موجودتھے۔سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نویدنے سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ کو بریفنگ دی۔
سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیاجارہاہے لاہور اورراولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادمیں اضافہ کیاجارہاہے۔پنجاب میں ڈینگی کے اضافی سٹاف کی بھرتی کیلئے وزیراعلیٰ دفترسے اجازت لی جائے گی،سرکاری ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈزکیلئے قابل ڈاکٹرزکوبھرتی کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ادویات دافرمقدارمیں موجودہیں،پنجاب میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے لیبزکی صلاحیت کوبڑھایاجارہاہے۔سرکاری ونجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے ٹیسٹوں کے نتائج کی مریض تک فوری فراہمی کو یقینی بنایاجائے، ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کی سرویلنس کو مزیدبہتربنایاجارہاہے،پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کو روزانہ کی بنیادپر مانیٹر کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔
عمران سکندربلوچ نے کہا کہ عوام سے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اپنے گھروں کوصاف ستھرااور بارش کا پانی جمع نہ ہونے دینے کی اپیل کرتے ہیں پی آئی ٹی بی کو مین ڈیش بورڈپراینڈرائیڈیوزرزکی جانب سے انسدادی سرگرمیوں کی رپورٹ فوراًاپ لوڈکرنے کی ہدایت کی گئی ہے پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کو لاہور اورراولپنڈی کے نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے اضافی بستر مختص کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام ہسپتالوں میں مورٹیلٹی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات کو ڈینگی کے مریضوں کوعلاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی یدایت کی گئی ہے۔











