لاہور، 29اگست(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) ملک ظفر اقبال نے ملاقات کی۔چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گورنرپنجاب کو ادارے میں بہتری کے لیے کیے گئے ریفارمز سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک میں سیلاب کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن ایک مستند ادارہ ہے. نوجوانوں کو شفاف طریقے سے میرٹ پہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں پنجاب پبلک سروس کا اہم کردار ہے،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کر سکتے ہیں۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تربیت اور کردار سازی پہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور کہا کہ طلبہ میں کمیونٹی سروس کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے لوگ مشکل حالات سے دوچار ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب زدگان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونا قومی فریضہ ہے اور کہا کہ جامعات میں طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کو سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان اور ریلیف فنڈ اکٹھا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
چیئرمین پی پی ایس سی نے کہا کہ کوویڈ کے دوران اکٹھا ہونے والے کام کا ( backlog) نکال لیا ہے،ادادے میں مزید بہتری لانے کے لیے ریفارمز پر کام کر رہے ہیں۔











