شہباز گل کے خلاف مقدمہ ریاست کی طرف سے درج کیا گیا، ایک مجسٹریٹ اس کے درخواست گزار ہیں؛ رانا ثناءاللہ

18

اسلام آباد،9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل کے خلاف  مقدمہ ریاست کی طرف سے درج کیا گیا، ایک مجسٹریٹ اس کے درخواست گزار ہیں۔ قانون اپنا راستہ بنائے گا، شہباز گل کے ساتھ کوئی غیر قانونی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان شہباز گل کی گرفتاری کو اغواء کہہ رہے ہیں جبکہ باقاعدہ مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا اور تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ 691/22 کے تحت شہباز گل کی گرفتاری عمل میں آئی اور اس میں بغاوت پر اکسانے کی دفعات 120، 124A، 505، 131 اور 121 شامل ہیں۔ قانون کے مطابق شکایت درج ہوئی اور مقدمہ درج ہوا اور ہوبہو ان کے الفاظ پر مقدمہ درج ہوا کوئی اضافی لفظ شامل نہیں کیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں بغیر مقدمے گرفتاریاں ڈال دی جاتی تھیں اور کئی کئی مہینے چالان بھی پیش نہیں ہوتے تھے لیکن ہم نے ایسی کوئی شرمناک حرکت نہیں کی جو بھی سلوک ہو گا قانون کے مطابق ہو گا، غیر قانونی حرکت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔