عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سانحہ لسبیلہ کے حوالے سے منفی پراپگینڈا کیا گیا؛ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

24

 اسلام آباد،9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سانحہ لسبیلہ کے حوالے سے منفی پراپگینڈا کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک نجی چینل کے ساتھ باقاعدہ طے شدہ سازش کے تحت فوج کیخلاف ایک بیانیہ نشر کرایا گیا اور یہ بیانیہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تیار کیا گیا اور اسے نشر کرانے کے پیچھے کئی اور کردار بھی شامل ہیں جس میں فواد چوہدری اور شہباز گل سرفہرست ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ میں بری طرح پھنس چکی ہے اور اس پر ابھی لعن طعن ہو رہی تھی کہ انہوں نے توجہ ہٹانے کیلئے ایک نئی سازش تیار کی۔  وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی کہتے تھے کہ عمران خان قوم کو تقسیم کر رہا ہے اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتا ہے اور لسبیلہ سانحہ کے بعد شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر جو بیانیہ پھیلایا گیا وہ تمام بھی عمران خان کی زیر سرپرستی تیار کیا گیا اور سوچی سمجھی سازش کے تحت پھیلایا گیا۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ پھر اس سازش میں ایک نجی چینل کو شامل کیا گیا اور نجی چینل پر فواد چوہدری اور شہباز گل کو ٹیلیفون پر لے کر طے شدہ پورے پلان کے تحت پورا بیانیہ پڑھ کر سنایا گیا اور ایسے جملے اور الفاظ دہرائے گئے جن کا نشر کرنا یا بار بار دکھانا بھی جرم ہے۔

انہوں  نے کہا کہ پوری دنیا افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کی معترف ہے اور افواج پاکستان کے شہداء نے ملک میں امن کی خاطر قربانیاں دی ہیں لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کی زبان استعمال کی گئی اور باقاعدہ ادارے کے رینکس کے درمیان دراڑیں ڈالنے اور بغاوت پر اکسانے کیلئے جو کلمات ادا کئے گئے وہ الفاظ دہرانا بھی مناسب نہیں یہ صریحاً افواج پاکستان کے اندر بغاوت پیدا کرنے کی ناپاک جسارت تھی، قانون اس قسم کی ناپاک جسارت کی اجازت نہیں دیتا۔