لاہور، 24اگست (اے پی پی): صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیرِ صدارت پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ مکالمہ کا انعقاد کیا گیا۔ چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف، محکمہ سیاحت کے نمائندگان، سرکاری حکام اور سیاحت کے کاروبار سے متعلق سٹیک ہولڈرز نے اس مکالمہ میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لئے سیاحتی سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔ پنجاب میں سیروسیاحت کے فروغ کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ کلینڈر آف ایونٹس بنا کر سٹیک ہولڈرز سے شیئر کیا جائے۔ محکمہ سیاحت سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کرے، حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ لاہور کے حوالے سے ایک جامع سیاحتی پیکیج بنایا جائے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ میں ٹورآپیٹرز، ہوٹل انڈسٹری کے نمائنداور حکومتی افسران شامل ہیں۔ نمائندگان ہوٹل انڈسٹری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب مذہبی سیروسیاحت کا مرکز بن سکتا ہے لیکن اس کیلئے ٹارگٹڈ حکمت عملی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی سیاحوں سے زیادہ ملکی سیاح ہیں، ہمیں ان کو ٹارگٹ کرنا ہو گا، محکمہ سیاحت ہمیں انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سروسز کا معیار بہتر بنانا ہو گا۔