طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کیا جائے،اس سے انھیںکیریئر کی ترقی میں مدد ملے گی؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

4

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اوپن ڈسٹنس لرننگ پروگراموں کے معیار اور رسائی کو مزید بڑھانے اور طلباء کے داخلوں میں اضافے کے لیے مختلف تعلیمی شعبوں میں سیکھنے کے مخلوط طریقے بروئے کار لانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کرنے سے ان کی ابتدائی ملازمت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کیریئر کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ایوان صدر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے متعلق فالو اپ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم، ڈین پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے سینئر حکام، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے تعلیم کے رسمی اور اوپن ڈسٹنس لرننگ کے طریقوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو عوام کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے سب سے اہم پلیٹ فارم ہیں۔  انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد تعلیم کے اوپن ڈسٹنس لرننگ اور ہائبرڈ طریقوں کو پرائمری اور مڈل سکول کی سطح تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس سے سکول سے باہر بچوں کو تعلیم دینے میں مدد ملے گی، جو مالی یا دیگر مجبوریوں کی وجہ سے باقاعدہ سکول نہیں جا سکتے۔  انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی وجہ سے ملائیشیا ہر قسم کی تعلیم میں پاکستان سے بہت آگے ہے حالانکہ پاکستان نے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے قیام میں ملائیشیا کی مدد کی تھی۔

 اجلاس کے دوران صدر نے تجویز پیش کی کہ مساجد، جو عام طور پر فجر سے ظہر تک خالی رہتی ہیں، کو اسکولوں کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور “پیش اماموں” کو اساتذہ کے طور پر تربیت دی جا سکتی ہے تاکہ زیر تعلیم علاقوں کے سکول سے باہر بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جا سکے۔  انہوں نے وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت پر بھی زور دیا کہ وہ سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں قائدانہ کردار ادا کرے تاکہ اپنے وسائل کو جمع کر کے ملک کے اب تک نظر انداز کیے گئے علاقوں تک تعلیمی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک وژن اور حکمت عملی وضع کی جا سکے۔

 صدر مملکت نے ان لوگوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا جو مہنگے پرائیویٹ اسکول یا کل وقتی اسکولنگ کے متحمل نہیں ہیں۔  انہوں نے یونیورسٹی کو مزید مشورہ دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مارکیٹ کرنے کے لیے ایک مستند پروفیشنل کی سربراہی میں اپنا مارکیٹنگ اور تعلقات عامہ کا شعبہ قائم کرے۔  انہوں نے ایچ ای سی اور COURSERA کے ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکلز اینرچ انیشیٹوز کے تحت دستیاب 24,000 لائسنسوں کو مارکیٹ کرنے اور ان کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اس اہم تعلیمی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا سکے جس نے مختلف شعبوں میں 1000 سے زیادہ ریڈی میڈ کورسز فراہم کیے ہیں۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اے آئی او یو اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ذریعے افغانستان کے عوام کو اوپن ڈسٹنس لرننگ اور ورچوئل تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جس کے تعلیمی مواد کو افغان طلباء، مرد اور خواتین دونوں اپنے ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ذریعے استعمال کر سکتے ہیں۔

 اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے صدر مملکت کو بریفنگ دی کہ گزشتہ میٹنگز کے دوران صدر کی ہدایات کے مطابق، اے آئی او یو لائف لانگ لرننگ سنٹر شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ایڈ ٹیک کو ڈیزائن کرنے، ترکیہ کی یونیورسٹیوں اور لیسٹر یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک عمل اور اوپن ڈسٹنس لرننگ میں سنٹر آف ایکسی لینس قائم کر رہی ہے۔  انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرف سے کئے گئے سروے کے مطابق، پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں داخلہ لینے والے تقریباً 70 فیصد طلباء پہلے سے ہی برسرِ روزگار تھے اور اپنی قابلیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔  انہوں نے کہا کہ سروے کے مطابق انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلہ لینے والے 40.4 فیصد طلباء بہتر قابلیت کی وجہ سے جز وقتی ملازمتیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔