فیصل آباد میں یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا، عزاداراوں نے نوحہ خوانی،ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کر کے شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا

28

فیصل آباد،9اگست  (اے پی پی):فیصل آباد میں  یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔علم، ذوالجناح اور تعزیوں کے جلوسوں میں شریک عزاداران نوحہ خوانی،ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے اہل بیت اور معرکہ کربلا کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔مغرب کے وقت تمام ماتمی جلوس شیڈول کے مطابق بخیروعافیت   اورپرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگئے اور اختتامی پوائنٹس پر نماز مغربین ادا اور مجالس منعقد کی گئیں۔اس موقع پرنیاز حسین تقسیم کی گئی اور بعد ازاں تما م ماتمی جلوس واپس اپنی اپنی امام بارگاہوں کو روانہ ہوگئے جہاں بعد نماز عشا شام غریباں کا انعقاد کیاجائے گاجس میں علماوذ اکرین حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

 یوم عاشور پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر کے تمام بازار،دکانیں اور تجارتی مراکز بندرہے۔شہر میں موبائل فون سروس بند رکھی گئی اوردفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی پابندی پر سختی سے عمل کروایا گیا۔