چنیوٹ؛10 محرم الحرام یومِ عاشورہ شہادت امام حسینؑ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد، سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے

28

چنیوٹ،09 اگست  (اے پی پی ):  ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ کی تینوں  تحصیلوں  چنیوٹ،بھوآنہ اور لالیاں میں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔10محرم الحرام کوضلع چنیوٹ میں 92جلوس،61مجالس کا انعقاد ہوا،اس موقع پر  سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

 10 محرم الحرام یومِ عاشورہ شہادت امام حسینؑ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد ہوا، جلوس میں شبیہ تابوتِ امامِ حسینؑ، علم بردار لشکر اور شبیہ ذوالجناح بھی برآمد ہوئے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قصرِ حسینیہؑ محلہ ٹھٹھی شرقی میں اختتام پذیر ہوئے۔ دوسری جناب حضرت امام حسینؑ اور ان کی پیاروں کی یاد میں 8 مکمل تعزیہ جات بھی برآمد ہوے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوے ترکھاناں میدان میں یکجا ہوے، جہاں عزاداروں اور زاہرین نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی۔

 شہادت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کی یاد میں رجوعہ سادات میں 72 تابوت پر مشتمل جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میدان کربلا میں اختتام پذیر ہوا، فضا لبیک یا حسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھی، جلوس کے راستوں پر سبیلیوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے،1500 سے زائد پولیس اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیے، جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی، شرکاء کی داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹر سے چیکنگ کی گئی اور جلوس کی طرف جانے والے راستوں پر خاردار تاریں اور ٹینٹ لگا کربند کردیئے گئے۔ اس کے علاوہ کیمروں کی مدد سے تمام جلوس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی کی گئی جبکہ شہر بھر میں موبائل فون سروسز بھی بند رہی۔