مری ؛ یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا،علم تعزیے کے تین بڑے جلوس نکالے گئے

9

مری ، 09 اگست  (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ملکہء کوہسار مری میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا،اس سلسلے میں علم تعزیے کے تین بڑے جلوس نکالے گئے، جس  میں   خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی جبکہ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کر رکھے تھے، تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور یہاں پولیس تعینات تھی ، کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں ریسکیو 1122بھی الرٹ تھی۔

جلوس کی گزر گاہوں اور چوراہوں پر سبیلیں لگائی گئی تھیں، سب سے بڑا جلوس مرکزی امام بار گاہ تحصیل راڈ سے برآمد ہوا جوموچی منڈی صدیق چوک لوئر بازار سے ہوتا ہوا جی پی او چوک پہنچا جبکہ دوسرے دو جلوس امتیاز شہید روڈ اور مرحبا چوک سے بر آمد ہوئے، تینوں جلوس جی پی او چوک پہنچے   جہاں ذاکرین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ک در حقیقت واقعہء کربلا حق وباطل کا معرکہ تھا، حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا کے میدان میں جام شہادت نوش کر کے یہ ثابت کیا کہ اسلام کی خاطر سر کٹایا تو جا سکتا مگر جکایا نہیں جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن امام حسین  علیہ السلام کی عظیم قربانی کا تجدید عہد کا دن ہے، جلوس کے دوران شرکاء نے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے واپس مرکزی امام بار گاہ پہنچے۔