لیجنڈ ہاکی ہیرو اولمپئین شہناز شیخ کی تبلیغی دورہ پر ملتان آمد، کلب ہاکی کےکھلاڑیوں سے ملاقات کی

16

ملتان،23 اگست(اے پی پی): لیجنڈ ہاکی ہیرو اولمپئن شہناز شیخ کی تبلیغی دورہ پر ملتان پہنچ گئے انہوں نے کلب ہاکی کےکھلاڑیوں سے ملاقات کیلئے سرکاری سکول کے گراؤنڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاکی کے سابق صدر حامد چوہدری اور ان میپکو آفیسر و سپورٹس آرگنائزر محمد وسیم بھی شہناز شیخ کے ہمراہ موجود تھے۔

70ء کی دہائی میں پاکستان کیلئے متعدد عالمی میڈلز جیتنے والے شہناز شیخ نے کھلاڑیوں کو تبلیغی لیکچر دینے کے ساتھ ہاکی تکنیک بارے کوچنگ ٹپس بھی دیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم عمران کی سپورٹس پالیسی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں یورپی سپورٹس کلچر کو مسلط کرنے کی کوشش کی عمران خان بھول گئے کہ یورپ میں کلب لیول پر کھیلنے کی جدید سہولیات میسر ہیں لیکن پاکستان میں کھلاڑی کیلئے نوکری بھی ضروری ہے اپنے تبلیغی لیکچر میں شہناز شیخ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں مسلمان بنایا یہ ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کے دین کی سربلندی کیلئے ہم سب کو گھروں سے نکلنا چاہیئے، اللہ پر توکل دین دنیا میں کامیابی کی کنجی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز ذوالقرنین،سعید انور اور نامور نعت خواں جنید جمشید کی کوشش سے اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے دین کی تبلیغ کا راستہ دکھایا ۔

قومی کھیل کی بہتری بارے پاکستان کیلئے 68انٹرنیشنل میچوں میں 45گول کرنے کا اعزاز رکھنے والے پاکستان کے لیجنڈ ہاکی اولمپئین شہناز شیخ نے کہا کہ 70ء کی دہائی کی اور آج کی ہاکی سہولیات میں زمین آسمان کا فرق ہے لیکن اگر پلاننگ کے ساتھ محنت کی جائے تو پھر مطلوبہ نتائج ملتے ہیں انہوں نے کہا کہ گھاس پر نوجوانوں کے ساتھ ساتھ کمسن کھلاڑیوں کو ہاکی کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوئی اور یہ بچے ہی پاکستان کی ہاکی کے روشن مستقبل کے سٹار کھلاڑی بن سکتے ہیں ۔انہوں نے ہاکی پروموشن کیلئے سپورٹس اینڈ ایجوکیشن کو لازمی قرار دینے پر زور دیا۔