مظفرگڑھ؛ یوم استحصال کشمیر پر ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی قیادت میں ڈی سی آفس سے ضلع کونسل تک ریلی نکالی گئی

18

مظفرگڑھ،5اگست 2022( اے پی پی): ضلعی ہیڈ کوارٹر  میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا اور مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر 9بجے سائرن بجایاگیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی قیادت میں ڈی سی آفس سے ضلع کونسل تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہ رخ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑہ جمیل حیدر شاہ، سی ای او تعلیم مسعود ندیم، ریسکیو 1122سے اسامہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکرم تکلیر، مولانا عبدالمعبود آزاد، انجمن تاجران سے امیر حسن، شیخ عامر سلیم، رانا محمد افضل، ابو ہریرہ، سماجی کارکن خاتون ام کلثوم سیال سمیت ضلعی محکمہ کے افسران و اہلکار، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافی، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں یوم استحصال کشمیر  کے حوالے  سے  تقریب کا اہتمام بھی   کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ جس طرح ہم نے قائد اعظم کی قیادت میں 1947میں بغیر کسی جنگ کے پاکستان حاصل کیا تھا اسی طرح جلد ہی ہم کشمیر کو بھی بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی آزاد فضا میں سانس لیں گے۔

ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ آج کے دن کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ ہم آزادی کی جدو جہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو ہم نے آگاہی دینی ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف مقبوضہ کشمیر کی عوام کا مسئلہ نہیں ہے یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے کیونکہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔

 ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ نوجوان نسل میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کو استعمال کرکے کشمیری عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچائے،انہوں نے کہا کہ بھارت جو کشمیری عوام پر ظلم کررہا ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

 قبل ازیں تقریب سے چیئر مین سول سوسائٹی ملک خیر محمد بدھ نے اپنے خطاب میں یوم استحصال کشمیر کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 5اگست 2019کو انڈیا نے غیر جمہوری طور پر آئین میں تبدیلی کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور کشمیری عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے نے کہا کہ کشمیر کی مکمل آزادی تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور اپنی آنے والی نسل کو بھی اس کی آگاہی دیتے رہیں گے، صدر بار ایسوسی ایشن جنید وجدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر کشمیر کی آزادی کا مقدمہ لڑنے کیلئے ہمیں معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم ہونا ہوگا، اداروں کا احترام کرنا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

  تقریب میں پرنسپل کوڑے خان سکول طاہر بشیر، پروفیسر افتخار ہاشمی،وحیدہ رانی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت شہریوں کے کثیر تعداد موجود تھی۔