معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور ممکن نہیں ہے، ہمیں قومی مفاد کےلئےذاتی مفاد قربان کرنا ہوگا؛وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب

11

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور ممکن نہیں ہے، پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ، ہمیں قومی مفاد کےلئےذاتی مفاد قربان کرنا ہوگا، وسائل نہ ہونے کے باوجود یہ قوم  جوہری طاقت بنی ، پاکستانی قوم نے ملکر دہشتگردی کو شکست فاش دی ، ہمیں   آنے والی نسلوں کے مستقبل پر نظر رکھنا ہوگی ،  پالیسیوں کے تسلسل ، معاشی استحکام سے تمام مشکلات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے   ۔

ہفتہ کو قوم سے خطاب میں  وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تاریخ گواہ  ہے کہ لاکھوں مسلمانوں   کے لہو سے لکھی گئی داستان کا عنوان پاکستان ہے۔وطن عزیز کی 75 ویں سالگرہ پر میں  تحریک آزادی کے  ان گنت شہداء کو خراج عقیدت اور پوری دنیا میں آباد ہر پاکستانی کو مبارک پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج صرف  ایک مبارکباد کافی نہیں، یقینا ہم ہر سال بڑی دھوم دھام اور خوشی  سے یوم آزادی،یوم پاکستان،یوم قائد واقبال مناتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم نے گزشتہ 75 سال سے ان دنوں کومحض منایا ہے مگران کے اصل قاصد کواپنایا نہیں ہے۔پاکستان کو ایسا نہیں بنایا جسے دیکھ کر خود ہمارادل یہ گواہی دے کہ قائد اور لاکھوں شہداء کی روحیں مطمئن اورآسودہ ہوں گی۔اسی لئے یوم آزادی کے موقع پرمیرادل خوش بھی ہے اور بے چین بھی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج ہمیں کھلے دل سے یہ اعتراف کرنا ہوگا کہ اپنے بچوں،اپنی نئی  نسل کو وہ سب نہیں دے سکے جس کے وہ حقدار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ قوم جس پر اللہ تعالی کی ہمیشہ بے پایہ رحمت رہی جسے قائداعظم کا عمل اور اقبال کی فکر موجود ہے ، پھر وہ کیوں منزل کی تلاش میں بھٹک رہی ہے ، ہم ان بحرانوں سے کیوں دوچار ہیں جن میں سب سے بڑھ  کر معاشی بحران ہے ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ سب سے پہلے میں اس جذباتی بحران کا ذکر کرنا چاہوں گا جس کا آج ہمیں سامنا ہے ، یہ بحران خودی ، خود داری ، خود اعتمادی پر ہمارے یقین کا متزلزل ہونا ہے جس کے اثرات آج  ہمارے قومی وجود کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ ہمارا قومی کردار جذبے ، ہمت ، محنت اور کر دکھانے سے عبارت ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت خود پاکستان کا قیام ہے ۔ یہی وہ جذبہ تھا جو علامہ اقبال نے سوئی ہوئی ملت میں جگایا ، جس کی مددسے قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم الشان قیادت نے اس خواب کو تعبیر میں بدل دیا اور پاکستان معرض وجود میں آگیا ۔

 انہوں نے کہاکہ تعمیر پاکستان کے اس مشن کو ہماری قومی و سیاسی قیادت نے جمہوری و آئینی جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھایا ۔ انہوں نے کہاکہ حقائق سے نظریں نہیں چرائیں ، ہوش مندی سے سچائی کا سامنا کیا اور شدید مالی انتظامی اور ہر طرح کے مسائل کا صبر ، استقامت اور دانشمندی سے مقابلہ کیا ۔