ملتان،13 اگست(اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء وطالبات نے ملاقات کی ، ملاقات میں غیر ملکی طلباء وطالبات کو درپیش چیلنجوں اور سیکورٹی اصطلاحات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے جن میں نشتر ہاسٹلز کے مین گیٹ پر پولیس چوکی کا قیام، ہاسٹلز کے داخلی اور خارجی راستوں اور دیگر اہم پوائنٹس پر سیکورٹی کیمروں کی تنصیب شامل تھے جبکہ طلباء وطالبات کی نقل و حرکت اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ہاسٹل مین گیٹ پر ریکارڈ بک اور وزیٹرز بک رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے وفد کے اراکین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرتے ہوئے تمام تر فیصلوں پر جلد عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور تمام اسسٹنٹ وارڈنز کو طلبہ کے ساتھ باہمی رابطوں میں مزید بہتری کے لیے واٹس ایپ گروپس کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی طلباء وطالبات کے وفد نے اس اہم پیشرفت پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔