ملتان ؛ یوم آزادی پر دستکاروں کی پزیرائی کیلئے ٹی ہاؤس میں رنگا رنگ تقریب منعقد

8

ملتان، 14 اگست (اے پی پی ):پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کو پنجاب سمال انڈسٹریز نے دستکاروں کے نام کردیا۔دستکاروں کی پزیرائی کیلئے ٹی ہاؤس میں رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز محمد شاہد مہمان خصوصی اور خالد الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان کا  انسٹرومینٹل قومی ترانہ  پیش کیا گیا جبکہ عمر رسیدہ دستکاروں، غم خوار حسین، استاد ریاض، محمد علی واسطی کی دستار بندی کی گئی اور راشدہ بی بی، ثوبیہ احمد نواز ، حسینہ احمد نواز کی چادر پوشی کی گئی۔

تقریب میں کیمل سکن کرافٹ مقابلہ کروایا گیا جس میں طلبہ و طالبات اور دستکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے دستکاروں، طالب علموں میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کئے گئے۔گلوکارہ ثوبیہ ملک نے صوفی کلام پیش کیا جبکہ دستکاری نمائش نے حاضرین کے دل موہ لئے۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز عمارہ منظور نے کہا کہ ہماری دستکار ہماری پہچان ہیں،ہمارے دستکاروں نے وطن عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔

تقریب میں ڈاچی ڈانس نے بھی چار چاند لگا دیے۔بعدازاں جشن آزادی کیک بھی کاٹا گیا جبکہ  تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر عمارہ منظور خان، چیمبر اف کامرس، دستکاروں، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔