لاہور، 26 اگست ( اے پی پی ): وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین الامذاہب وہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزجامع مسجدبحریہ ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت ملک میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے اور بڑے پیمانے پرلوگ متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکی فوری امداد اور بحالی کے لئے ہمیں اپنے تمام کام چھوڑ دینے چاہیں اور ملک کی سینئر سیاسی قیادت کو اپنے اختلافات بھلاکر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سے رابطہ کر کے اجلاس بلانے کا کہا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ناگہانی آفات سے بچنے کے لئے اللہ تعالی سے اجتماعی معافی مانگنی چاہیے اور اپنے گناہوں پر توبہ کرنی چاہئے۔











