لاہور، 31 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے بیت الاسلام ٹرسٹ کے وفد نے چیئرمین مولانا عبدالستار کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری اور گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت الاسلام ویلفیئر ٹرسٹ متاثرین سیلاب کی خدمت میں پیش پیش ہے۔بیت الاسلام ٹرسٹ سیلاب زدہ علاقوں میں مسمار گھروں کی تعمیر کیلئے سیمنٹ، اینٹ اور دیگر ضروری سامان فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔بیت الاسلام ٹرسٹ کی جانب سے متاثرین کیلئے طبی سہولتوں کی فراہمی کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت اور بیت الاسلام ٹرسٹ کے درمیان اشتراک کار کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں مولانا عبدالستار، میاں محمد احسن، حافظ عمار یاسر، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے، حذیفہ رفیق اور سلمان حامد شامل ہوں گے۔ کمیٹی سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری اور گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے جامع پلان مرتب کرے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے روزگار کا فی الفور بندوبست کیا جائے گا اور اس ضمن میں بیت الاسلام ٹرسٹ کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بیت الاسلام ٹرسٹ سے مل کر کام جاری رکھیں گے اور ٹرسٹ کے تعاون سے سیلاب زدگان کیلئے دسترخوان اور ان کے بچوں کیلئے تعلیمی مراکز قائم کئے جائیں گے۔سیلاب زدہ علاقوں میں بیت الاسلام ٹرسٹ میٹرنٹی کیئر کنٹینر کلینک قائم کرے گا۔ انتظامیہ اور بیت الاسلام ٹرسٹ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں اجناس، ادویات اور خیمے بھی فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرین کے روزگار کی بحالی کیلئے قرض حسنہ دیا جائے گا۔بیت الاسلام ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال سے تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امداد کا صحیح حق داروں تک پہنچنا بے حد ضروری ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرہ لوگو ں کی بحالی کیلئے خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ بیت الاسلام ٹرسٹ کی کارکردگی اور پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔وفد میں چیئرمین مولانا عبدالستار، میاں محمد احسن، چیف کوآرڈینیٹر حذیفہ رفیق، ڈائریکٹر پلاننگ فراز فرید، عزیز الرحمن، سلمان حامد اور محمد رقیب شامل تھے۔راسخ الٰہی، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے۔











