وزیر اعلی چودھری پرویزالہی کا پنجاب میںکاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان ،کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لئے اتوار کی چھٹی ختم کر دی

5

لاہور،10اگست(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے پنجاب کی تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب میں کاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کر دی ہے جبکہ کاروباری مراکز، مارکیٹس اوردکانیں اتوار کے دن بھی کھلی  رہیں گی۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے بدھ کو یہاں ایوان وزیر اعلی میں پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی۔وزیراعلی  نے اس موقع پر اپنے خطاب میں پنجاب بھر میں کاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں کاروباری مراکز، مارکیٹیںاور دکانیں اتوار کو کھلی رہیں گی۔پنجاب بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لئے اتوار کی چھٹی ختم کر دی ہے۔کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کیلئے رات 9  بجے کاروبار کی بندش کی پابندی بھی ختم کر دی ہے۔کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں پر اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔

 وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے پارکنگ کے مسائل بھی حل کریں گے، تاجر برادری کے مسائل سےآ گاہ ہوں۔انہوں  نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ کس نے پارکنگ مافیا کی سرپرستی کی،پارکنگ مافیا کا خاتمہ کریں گے، پارکنگ کی آمد نی کا 30 فیصد تاجروں کو سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔

 وزیراعلی نے اعلان کیاکہ مارکیٹوں میں ریسکیو 1122 کے سنٹر بنائے جائیں گے۔ تاجر رہنما ناصر سلمان اور صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہ،۔خوشحال تاجر اور پنجاب کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔

اس  موقع پر   وفد میں  ٹریڈرز ناصر سلمان، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، سابق وفاقی وزیر شفقت محمود، صوبائی وزرا یاسمین راشد، میاں محمد اسلم اقبال، میاں محمودالرشید، محمد محسن لغاری،حنیف پتافی،  آئی جی پولیس فیصل شاہکار، پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی  موجود تھے۔