لاہور، 26 اگست ( اے پی پی ):وزیر تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیااور محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ اور پولیس کے مشترکہ سکواڈ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر سموگ کے حوالے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی ،عوام بالخصوص طلباء کے لئے آگاہی مہم چلائیں گے۔
وزیر تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ایک موسم کی بجائے پورا سال فضائی آلودگی کے مسئلے پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے کاغذات قبضے میں لے لئے جائیں گے، گاڑیوں کی مکمل فٹنس کے بغیر کاغذات واپس نہیں کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فصلیں اور کوڑا جلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی،ڈپٹی کمشنرز پٹواریوں اور نمبرداروں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کا پابند کریں، سٹرا کٹر اور ہیپی سیڈر آلات کی خریداری کیلئے کوآپریٹو بنک سے قرضے دلائیں گے،کوئی ہائوسنگ سوسائٹی اینوائرنمنٹ این او سی کے بغیر قائم نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں تحفظ ماحول، بلدیات، زراعت ٹرانسپورٹ، کوآپریٹوز کے سیکرٹریز، ڈی آئی جی ٹریفک نے شرکت کی ۔











