پنجاب کی عوام کیلئے 23 نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں ؛ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

14

لاہور، 26 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ بہت جلد پنجاب کے عوام کو نئے سرکاری ہسپتال کھولنے کی خوشخبری دیں گے، پنجاب کی عوام کیلئے 23 نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے  محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال لاہور میں زیر تعمیر مدراینڈ چائلڈبلاک، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزاور ڈی جی خان میں زیر تعمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری سی اینڈڈبلیومجاہدشیردل اور متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین  راشدکو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو مجاہد شیردل کو تمام ترقیاتی منصوبے وقت پر لازمی مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئے سرکاری ہسپتالوں کو بروقت کھول کرپنجاب کی عوام کو سہولت دیناچاہتے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ اداروں میں ترقیاتی منصوبوں پر 24گھنٹے کام ہورہاہے۔

 ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ  پنجاب میں 23نئے سرکاری ہسپتالوں کے ذریعے عوام کو بین الاقوامی طرزکی طبی سہولیات فراہم ہوں گی،  بہت جلد پنجاب کی عوام کو نئے سرکاری ہسپتال کھولنے کی خوشخبری دیں گے۔ انہوں  نے کہا کہ پنجاب میں تمام نئے23سرکاری ہسپتالوں کو مقررہ وقت پر ہی مکمل کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کرنے پرمکمل یقین رکھتی ہے۔