وہاڑی؛  یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلی کا انعقاد، مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کی گئی

2

وہاڑی،05اگست(اے پی پی):یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر وہاڑی میاں محمد رفیق احسن کی زیر قیادت مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس وہاڑی سے ضلع کونسل ہال وہاڑی تک ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے چلا کر اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی میاں محمد رفیق احسن نے کہا کہ تین سال قبل بھارت نے آئین سے آرٹیکل 370کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کو انکے حق سے محروم کردیا تھا، بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کےخاتمہ کو3 سال ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد 5اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کو بے نقاب کرنا ہے، مقبوضہ کشمیر ایک دن ضروربھارت کے تسلط سے آزاد ہو گا، انشاء اللہ بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا، پاکستانی قوم ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

 ڈپٹی کمشنر میاں محمد رفیق احسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو اس کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداروں کے مطابق استصواب رائے کا حق ملنا چاہیے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

 یوم استحصال ریلی کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے جوش وجذبے کو سلام پیش کیا گیااور ریلی میں بھارتی مظالم کو اجا گر کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اور پینا فلیکس اٹھائے ہوئے تھے۔