پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا؛ منیب حسین وڑائچ

9

سیالکوٹ،13اگست  (اے پی پی):ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری منیب حسین وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔

پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے  موقع پر   اے پی پی سے گفتگو میں منیب حسین وڑائچ نے کہا کہ آزادی کے دن   ہم اپنے قائد محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک پاکستان کی آزادی کے لیے دن رات ایک کیااور ہمیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی ڈائمند جوبلی تقریبات کو ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور اس  دوران ہم اپنے آبائواجداد جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے انہیں بھی خراج تحسین پیش کریں گے۔

 جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی عظیم افواج کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو بھی کبھی فراموش نہیں کر سکتے جو ہمہ وقت اپنے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ملکی سرحدوں پر جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں اور اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک و قوم کے دفاع کو یقینی بناتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ آزادی ایک  بہت بڑی نعمت ہے اس لیے یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھناچاہیے اور انکی اپنی آزادی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا چاہیے اور دعا کرنی چاہیے کہ اللہ رب العزت انہیں بھی آزادی کی نعمت سے نوازیں تاکہ وہ بھی ایک آزاد فضا میں سانس لے سکیں ۔