اسلام آباد،13اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے امریکہ میں لابنگ کے لئے ایسی امریکن فرم کو ہائر کیا جو پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے خلاف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ فارن فنڈنگ پاکستان میں اس لیے غیر قانونی ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکہ میں پی ٹی آئی کا مقدمہ بڑھانے کے لیے ایک لابنگ فرم ہائر کی ہے جس کانام فینٹن گروپ ہے ۔ یعنی اس ملک کی کمپنی جس کے بارے میں پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ اس ملک نے پاکستان کو دھمکایا ،پاکستان کی حکومت الٹائی اور ہم سب لوگ امریکہ کے ایجنٹ ہیں اور امریکہ میں لابنگ کمپنی بھی پی ٹی آئی ہائر کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقدمہ لڑنے والی لابنگ فرم کا مالک ڈیوڈ فینٹن امریکہ کو پی ٹی آئی کا مقدمہ پیش کرے گا ۔اس امریکی فرم کا مالک اس تحریک کابانی ہے جس میں کہا گیا کہ ایسے تمام ممالک جن کے پاس نیوکلیئر طاقت ہے ا س کو ختم کیا جائے اور ان سے یہ طاقت چھینی جائے یعنی پاکستان کی ایٹمی طاقت کی مخالف تحریک کے بانی کو پی ٹی آئی نے اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے ہائر کیا ۔ا











