ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کا ضلع کونسل اوکاڑہ کا دورہ، شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا

26

رینالہ خورد،27اگست(اےپی پی ): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع کونسل اوکاڑہ کا دورہ کیا اور موسم برسات کی شجر کاری مہم کے تسلسل میں ضلع کونسل کے لان میں پودا لگایا ۔

چیف آفیسر ضلع کونسل شہزاد قریشی نے ادارہ کی کارکردگی، مسقبل کے منصوبہ جات، لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ضلع کی مجموعی ترقی میں ضلع کونسل کے کردار سے متعلق بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بلدیاتی ادارے لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، عوام کی توقعات علاقائی ضرورت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلہ میں افسران عرق ریزی کریں، سروس ڈیلوری کو بہتر سے بہترین بنائیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت فرض سمجھ کر کریں اور جو سرکاری ذمہ داریاں محکموں کو تفویض کی گئی ہیں ان پر پورا اترنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ضلع کونسل کے افسران اور عملہ شجر کاری مہم ،انسداد ڈینگی اقدامات ،ضلع کی سطح پر صفائی ستھرائی کی مہم سمیت عوامی فلاح بہبود کے منصبووں میں اپنا کردار ادا کریں۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مستقبل قریب میں ضلع کونسل کی کارکردگی کی بہتری سے متعلق امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم ضلع کونسل کو عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بنانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کی ضلع کونسل سے امیدیں وابستہ ہیں اور ان پر پورا اترنے کے لئے افسران اور عملہ دن رات محنت کریں ۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع کونسل کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی آگاہی واک کی بھی قیادت کی۔ انہوں نے ضلع کونسل کی عمارتوں ،لانز اور چھتوں کی صفائی ستھرائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے عمل میں حصہ لینے والے کارکنوں کو شاباش دی۔