گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد، پرچم کشائی بھی کی

27

لاہور ،14 اگست(اے پی پی): گورنر ہاؤس پنجاب میں پاکستان کے 75ویں جشن آزادی پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پرچم کشائی کی اور جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر سکول  کے بچوں نے ملی نغمے  پیش کیے۔

اس  موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب نے پوری قوم کو پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہر پاکستانی کو پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار کرنا ہے، وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی اور دیگر بحرانوں کا خاتمہ ہو گا۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور  ہمارے اجداد کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد سے قائم ہوا ہےجبکہ ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر ، رکھوالی اور پاسبانی کرنی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ اسی صورت ممکن ہے اگرہم اپنی سیاسی وابستگیوں اور انفرادی سوچوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ اپنائیں۔