لاہور،14 اگست(اے پی پی): پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایاگیا. بعد ازاں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مزار اقبال ؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام اوربھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا کی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مزار اقبالؒ پر وزیٹرزبک میں تاثرات درج کیے۔وزیراعلیٰ نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش اور سکاؤٹس اورسکول کے بچوں و بچیوں کی جانب سے بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجانے کامظاہرہ بھی دیکھا۔وزیراعلیٰ نے سکاؤٹس اور بچوں، بچیوں کی کارکردگی کو سراہا اوران سے شفقت کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب بچوں اور بچیوں میں گھل مل گئے۔ بچوں اور بچیوں نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں اورسیلفیاں لیں۔
اس موقع پر امریکہ،چین،ترکی اورایران کے قونصل جنرل،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، مشیر عمر سرفراز چیمہ،اراکین اسمبلی،چیف سیکرٹری کامران افضل،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسد اللہ خان،اوورسیز پاکستانیز شبیر شاہ،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر لاہوراوراعلی حکام بھی پر موجود تھے۔











