امن وامان کے بغیر کسی بھی معاشرے میں ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا،وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید

5

گلگت ۔23ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے پولیس ٹریننگ کالج گلگت میں ترقی پانے والے 337 پولیس آفیسران اور جوانوں کو رینک لگانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کے بغیر کسی بھی معاشرے میں ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا، محدود وسائل کے باوجود گلگت  بلتستان پولیس کو مثالی پولیس فورس بنانے کیلئے درکار وسائل فراہم کئے، پولیس کی کمی دور کرنے کیلئے بڑی تعداد میں نئی آسامیاں تخلیق کی، معاشرے میں امن وامان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، آئی جی پی گلگت  بلتستان کی مشاورت سے پولیس فورس کیلئے ایک ہزار نئی آسامیاں تخلیق کی، مستقبل قریب میں سی ٹی ڈی اور ایس پی یو کیلئے بھی مزید آسامیاں تخلیق کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ ہماری حکومت کا دورانیہ مکمل ہونے تک گلگت  بلتستان پولیس فورس کی تعداد کو تقریباً 10ہزار تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے وسائل محدود ہیں، ریونیو اتھارٹیز کے ذریعے دیگر صوبے بشمول آزاد کشمیر نے اپنے وسائل میں بے پناہ اضافہ کیا، حکومت گلگت  بلتستان نے وسائل میں اضافے کیلئے ریونیو اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا تو بدقسمتی سے اپوزیشن نے اس کو شراب بل سے تشبیہ دی جو ان کے منافقانہ رویے کی عکاس ہے، بحیثیت مسلمان ہم کسی شراب کے بل کے بارے میں تصور بھی نہیں کرسکتے، لوگوں نے ذاتی مفاد کیلئے مذہب کے نام کو استعمال کیا جس سے گلگت  بلتستان کو نقصان پہنچ رہاہے، ہم سب نے مل کر اتحادو اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلگت  بلتستان کیخلاف تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ پولیس کو درپیش مسائل کا ادراک کرتے ہوئے پولیس فورس کیلئے رسک الاؤنس کی منظوری دی، پولیس سے توقع ہے کہ جعلی قوم پرستی اور جعلی فرقہ پرستی کا خاتمہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ پولیس فورس بلاتفریق اور ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، تاکہ عوام کا مکمل اعتما د بحال ہو اور کسی کو بھی تنقید کا موقع نہ ملے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پولیس ٹریننگ کالج کو مثالی ٹریننگ کالج بنائیں گے  اور پولیس ٹریننگ کالج کیلئے درکار نئی آسامیاں تخلیق کریں گے۔ اس موقع پر آئی جی پی گلگت  بلتستان محمد سعید وزیر نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پہلی مرتبہ پولیس فورس میں 337 پولیس آفیسران اور جوانوں کی ترقی ایک ساتھ ہورہی ہے جس سے پولیس آفیسران اور جوانوں کا مورال بلند ہوگا جس میں دو ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز، 46 انسپکٹرز، 65 سب انسپکٹر، 67 اے ایس آئیز اور 144کو کانسٹیبلز کو ترقی دی گئی ہے۔ گلگت  بلتستان پولیس کو درکار وسائل فراہم کئے گئے ہیں، پولیس فورس کی ٹریننگ کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، پولیس فورس کو دیگر صوبوں سے مثالی فورس بنائیں گے۔