وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری کا دورہ پشاور

15

 پشاور، 23ستمبر ( اےپی پی): وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے پشاور کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کا دورہ کیا جہاں انکو مزدوروں اور ان کے بچوں اور خاندانوں کی فلاح و بہبود کےمختلف جاری منصوبوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

 ساجد حسین طوری نے اپنے ابتدائی کلمات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور ترقی انسانی وسائل  لیبرز کے فلاح و بہبود، بہتر رہائشی فلیٹس، بہتر خاندانی صحت اور ان کے بچوں کی معیاری تعلیم کے ذریعے انکی زندگیوں کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا بھرپور اعادہ کرتی ہے۔

 وفاقی وزیر نے مختلف لیبر کالونیوں میں ورکنگ فوکس گرامر سکولز، ووکیشنل سینٹرز کی اپ گریڈیشن اور کھولنے اور ڈسپنسریوں کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ساجد حسین طوری نے نجی صنعتوں اور کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی لیبرز کو بااختیار بنانے کے لیے  انکی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ وہ آئین پاکستان اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تحت اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دلی خواہش ہے کہ ہر مزدور اور غریب کا اپنا ذاتی گھر ہو اور ان کے بچے معیاری تعلیم حاصل کر سکیں اور ان کے خاندانوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زیر تعمیر لیبر کالونیوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ مزدوروں کی رہائش کے مسائل حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ  ورکنگ فوکس سکولز کے قیام کا مقصد محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ مزدوروں کے بچوں کو وظیفہ دینے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔