انتہائی مختصر مدت میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں ،پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے جامع پلان بنایا ہے،: چودھری پرویز الٰہی

4

لاہور 23 ستمبر ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیرِ مونس الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر تبادلہ خیال اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ  پنجاب اسمبلی کو دین کے حوالے سے ریکارڈ  قانون سازی کا اعزاز حاصل ہے۔ پنجاب بھر میں سود کے نجی کاروبار پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور سزا بھی مقرر کی گئی ہے ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی مختصر مدت میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں ،پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے جامع پلان بنایا ہے،سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیرو مرمت کے لیے مالی امداد کی رقم برھا کر 4 لاکھ روپے کردی ہےسیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مخالفین کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں پی ڈی ایم  کی ساری جماعتیں صرف زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں۔مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر میں آگے بڑھتے جائیں گے۔