اٹک،01 ستمبر(اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کی جانب سے 700 متاثرین سیلاب کیلئے راشن، بستر ، کپڑے اور پانی پاک فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اٹک کی تحصیل حضرو میں اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان پیکنگ اور لوڈنگ کے موقع پر ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کی ٹیم انکے پی ایس و صدر مسلم لیگ (ن) تحصیل حضرو ملک انصار نے جنرل سیکرٹری سعید اعوان، سٹی صدر حاجی احسان خان نمبردار ، شکیل احمد اور نعمان خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا پاک فوج نے ذمہ داریاں قبول کرتے ہوئے سب سے پہلے عوام کی امداد کرتے ہوئے ہم وطنوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے،جس پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے لیکر ایک عام فوجی تک سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
ملک انصار نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کیلئے پوری قوم کا جذبہ مثالی ہے جس نے دل کھول کر امداد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل حضرو کی عوام نے متاثرین سیلاب کیلئے جو کردار ادا کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔
ایک سوال پر ملک انصار نے بتایا کہ ایم پی اے جہانگیر خانزادہ اور ان کے ذاتی دوستوں کی جانب سے ہم نے 700متاثرین کیلئے پیکج تیار کئے ہیں جن میں خورد ونوش کی اشیاء، آٹا ،چینی ، گھی،دالیں ،چاول ،بسکٹ ، پانی کی بوتلوں اور دیگر اشیاء سمیت زنانہ و مرانہ کپڑے ، جوتے اور بستر شامل ہیں جو آرٹلری سنٹر اٹک میں پاک فوج کے حوالے کی جارہی ہیں تاکہ دور دراز کے علاقوں میں متاثرین تک پوری طرح یہ امداد پہنچ سکے۔
ملک انصار ، حاجی احسان خان اور سعید اعوان نے کہا کہ ہم اہلیان چھچھ کے مشکور ہیں جنہوں نے متاثرین سیلاب کیلئے دل کھول کر امداد دی، جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ متاثرین سیلاب کے کیمپ کے علاوہ یہ امداد علیحدہ پاک فوج کے حوالے کی جا رہی ہے ۔











