بہاولنگر، 2 ستمبر ( اے پی پی ): بہاولنگر ضلع کے حلقہ پی پی 241میں 11ستمبر کو ضمنی الیکشن کے منصفانہ ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ابرار احمد جتوئی کی زیر صدارت ڈی سی آفس بہاولنگر میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پی پی 241میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 237046 ہے جن میں مرد ووٹرز129057اور خواتین ووٹرز کی تعداد107989ہے۔ اس حلقہ میں مجموعی طور پر 168 پولنگ اسٹیشن جبکہ 580پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ پولنگ اسٹشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے جبکہ ٹرانسپورٹیشن اورسیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ابرار احمد جتوئی نے اجلاس میں کہا کہ فئیر اینڈ فری الیکشن ہماری ذمہ داری ہے اور اس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ رینجرز کی تعیناتی کے لیے محکمہ داخلہ کو ریکوزیشن بھجوا دی گئی ہے اور ضمنی الیکشن کے پرامن اور فئیر اینڈ فری انعقاد کے لیے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
اجلاس میںڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم،ڈی پی او فیصل گلزار، ریٹرننگ آفیسر محمد عرفان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالجبار گجر،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پی پی 241 اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کے علاوہ ایجوکیشن ، ہیلتھ ، ریسکیو ، واپڈا ، ہائر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











