بہاول نگر،01ستمبر(اے پی پی): کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے جمعرات کو بہاول نگر میں 6 ارب 3کروڑ 85لاکھ روپے کی مجموعی لاکت سے زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالجبار گجر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور نے پراجیکٹ کے مختلف حصوں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ یہ میگاپراجیکٹ ضلع بہاول نگر میں صحت کے شعبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ جدید ترین سہولیات کے ساتھ ماں اور بچے کی صحت اور نرسنگ کی تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیوں اور بےمثال ترقی کا باعث بنے گا۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بہاول نگر میں زیر تعمیر سرکٹ ہاؤس کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن(ر)محمد وسیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور کو سائٹ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکٹ ہاؤس بہاول نگر کے پراجیکٹ کی مجموعی لاگت چار کروڑ ننانوے لاکھ روپے ہے اس منصوبے کا آغاز امسال 26فروری کو کیا گیا تھا اور اس پراجیکٹ کو آئندہ سال 25فروری تک مکمل کردیا جائے گا۔ اس وقت سرکٹ ہاؤس بہاول نگر کی مین بلڈنگ پر کام مکمل کیا جارہا ہے جبکہ سرکٹ ہاؤس کی گیارہ سوفٹ باونڈری وال کا کام مکمل کردیا گیا ہے۔











