گلگت،31 اگست(اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے جمعرات کو گلگت میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل بروز جمعہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف گلگت بلتستان کا دورہِ کریں گے۔ اس دوران وزیر اعظم پاکستان صوبائی حکومت کی مدد کے لئے فنڈ کا اعلان کریں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جس پیکج کا علان پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لیے کیا گیا اسی پیکج پر گلگت بلتستان میں بھی عمل ہوگا۔جو ہمارے بہن بھائی سیلاب کی وجہ سے اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے پرائم منسٹر پیکج کے تحت 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے۔اسی طرح زخمیوں کے لئے بھی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دوسرا مرحلہ متاثرین سیلاب کو ریکسیو کرنا ہے۔اس مد میں پی ڈی ایم اے کو ضروری سامان دے دیا ہے متاثرین کو عارضی رہائش گاہوں یا کرائے کے مکانوں میں شفٹ کر دیا ہے یا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تیسرا مرحلہ متاثرین سیلاب کی بحالی کا ہے، اس مرحلے میں متاثرہ علاقوں کا تفصیلی سروے ہوگا اور کہا کہ ملک کے دوسرے حصوں میں اس وقت پانی کھڑا ہے،وہاں پر اس وقت سروے ممکن نہیں ہے،اس لئے سروے پہلے گلگت بلتستان سے شروع ہوگا اور اسے جلد مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بجٹ پر پہلے بھی کٹ لگنے نہیں دیا اور آئندہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔











