تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کی جارہی ہیں: ڈاکٹریاسمین راشد

4

لاہور۔23ستمبر ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے صوبہ بھرمیں پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی کرنے اورمہنگے داموں بیچنے والے مافیاکے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم دے دیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں صوبہ بھرکی ڈینگی کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید،سی ای اوپنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن زاہدہ اظہر،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف،ڈاکٹراسداسلم خان،چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹرتنویرالاسلام،میاں زاہدالرحمن ودیگرافسران نے شرکت کی۔  سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید اور ڈاکٹراسداسلم خان نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ           پنجاب میں ڈینگی میں اضافہ کے دوران پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں خریدوفروخت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔     ڈی جی پنجاب ڈرگزکنٹرول ڈاکٹرسہیل کو فوری پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں خریدوفروخت کے خلاف سخت کارووائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے    پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادکوبڑھانے کیلئے ریمپ اپ پلان تیارکرلیاگیاہے۔            شہری ڈینگی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کی ہیلپ لائن نمبر0304-1111781پرکال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے کیسزمیں تیزی سے اضافہ تشویش ناک ہے،        تمام کمشنرزاور ڈی سی حضرات کو اپنے علاقہ جات میں ڈینگی کی سرویلنس کوبڑھاناہوگااور       ڈینگی کے لارواکی تلفی کویقینی بناناہوگا،    پنجاب میں ڈینگی کی شرح میں کمی لانے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو محنت کرنی ہوگی۔سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیزکو ڈینگی کے ٹیسٹوں کے نرخوں کی متعلق مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے،         چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹرتنویرالاسلام کو ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ سے متعلق پروٹوکولزکوریوائزکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔