جلال پورپیروالا ؛ کچن گارڈننگ  کے حوالےسےگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج میں  آگاہی سیمینار منعقد

6

جلال پورپیروالا ،23 ستمبر (اے پی پی ): نوازشریف زرعی یونیورسٹی و محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج میں کچن گارڈننگ کے  بارے میں آگاہی سیمنار کا انعقاد کیا  گیا ۔اس موقع پر کالج کے طلبہ کو کچن گارڈننگ کی افادیت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اس موقع پر ڈاکٹر نبیل اکرام نے کہا کہ سبزیوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے کاشتکار سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے کیمیائی کھادوں اور زہریلی ادویات کا بکثرت استعمال کرتے ہیں اور شہری آبادی کے قریب اکثر سبزیوں کی آب پاشی کے لئے سیوریج کا پانی بھی استعمال کیا جاتا ہے جس کے انسانی صحت پر بہت سے مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اس کے پیش نظر نوازشریف زرعی یونیورسٹی اور محکمہ زراعت توسیع کے اشتراک سے کچن گارڈننگ کو متعارف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر یا اس کے ارد گرد سبزیاں خود اُگا کر کچن کی ضروریات کو بھی با آسانی پورا کیا جاسکے گا جبکہ کیمیائی آلودگی سے پاک سبزیوں کی فراہمی سے صحت کو بھی بہتر بنایا جاسکے گا۔

اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالشکور شاکر ،وائس پرنسپل ملک خادم حسین و دیگر نے نوازشریف یونیورسٹی کے اس اقدام کو سراہا۔ سیمنار میں کالج کے طلبہ میں کچن گارڈننگ کی افادیت بارے بریفنگ دی گئی اور سیڈز کٹس بھی تقسیم کی گئیں ۔