حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، سابق دور میڈیا کے لئے سیاہ ترین دور تھا؛ مریم اورنگزیب

6

اسلام آباد،30ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، سابق دور میڈیا کے لئے سیاہ ترین دور تھا، گزشتہ دور میں میڈیا پر پابندیاں عائد کی گئیں، صحافیوں کے قلم توڑے گئے، ان کے چلتے ہوئے پروگرام بند کئے گئے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں ملاقات کے لئے آئے مری پریس کلب کے صدر سدھیر احمد عباسی کی قیادت میں مری پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں مری کی سیاحتی اہمیت، مری پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مری ملک کا معروف سیاحتی ہل اسٹیشن ہے جہاں ملک بھر سے پورا سال لاکھوں سیاح سیر کی غرض سے آتے ہیں، مقامی صحافی اپنے قلم اور کیمرے کے ذریعے پاکستان بالخصوص دنیا بھر میں مری کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری کی سیاسی و صحافتی اہمیت اور صحافیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت مری کے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن  اقدامات اٹھائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مری پریس کلب کی ایکریڈیٹیشن پر فوری کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مری کی سیاسی و صحافتی اہمیت اور صحافیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت مری کے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مری پریس کلب کے وفد نے کہا کہ مری میں تین ہزار کے قریب تاجر ہیں جنہیں ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی کاروباری مواقع اور سازگار ماحول فراہم  کیئےہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی، اس نے مری میں سیاحت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔

مری پریس کلب کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مری پریس کلب کے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔