اٹک،26ستمبر ( اے پی پی ):صوبائی وزیر کھیل، ثقافت و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود اکبر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ اور تر قی کے لیے تمام وسائل بر وئے کار لارہی ہے اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جارہا۔اٹک میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور یہاں پر نوجوانوں کو کھیلوں کی ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین مشن ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹک ہاکی سٹیڈیم میں آسڑو ٹرف اور دیگر سہولیات کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سابق صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال و چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری،سابق رکن قومی اسمبلی زین الہی،ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ وقار اکبر چیمہ،ڈویثرنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی وحید بابر، آرگنائزر سردار اقبال خان اور دیگر افسران و شخصیات بھی موجود تھیں ۔رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سابق صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال و چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹک ہاکی سٹیڈیم میں جدید سہولیات کی فراہمی انقلابی اقدام ہے۔اس تبدیلی کی وجہ نوجوان زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی طرف راغب ہو ں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس تاریخی میدان میں قومی سطع کے ٹورنمنٹ منعقد ہو ا کرتے تھے جس میں ہماری قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھی بھر پور حصہ لیتے تھے۔رانا فیملی کی وجہ سے اس علاقے میں ہاکی نے فروغ پایا اور ہاکی کے تین کپتان اس فیملی نے دیئے۔اب اس شاندار سٹیڈیم کی بدولت انشاء اللہ یہاں دوبارہ سے قومی اور بین الاقوامی سطع کے ٹورنمنٹ منعقد ہوں گے۔