خیرپور؛ سعودی فلاحی ادارے کنگ سلمان فاؤنڈیشن کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی کا قیام

6

خیرپور،20ستمبر(اے پی پی):پاکستان بیت المال کی جانب سے سعودی حکومت کے فلاحی ادارے کنگ سلمان فاؤنڈیشن کے تعاون سے خیرپور کے سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا،اس سلسلے میں پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ فیض گنج پہنچے اور قائم کیے گئے ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور سیکڑوں لوگوں میں ٹینٹ راشن اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے مچھر دانیاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سندھ ڈاکٹر عدنان مجید،ڈائریکٹر اسلام آباد صائمہ ودود،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسلام آباد عظمیٰ نوید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کراچی مختیار ابڑو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر خیرپور محمد وسیم ابڑو،سماجی رہنماء ظہیر انصاری بھی موجود تھے۔

پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال کی جانب سے آج سیلاب متاثرین میں خیمیں،راشن اور مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں ہیں اور انشاء اللہ امید ہے یہ سلسلہ مزید بھی جاری رہے گا،سندھ سیلاب سے شدید متاثرہ ہوا ہے جس کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور اب تک شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں جو کہ باعث  افسوس ہے اور کہا کہ میں  ان تمام لوگوں سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں اور  اس مشکل کی کھڑی میں پاکستان بیت المال اپنے سندھ کے بھائیوں بہنوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

 انہوں نے سعودی حکومت کے فلاحی ادارے کنگ سلمان فاؤنڈیشن کی جانب سے بھیجی گئی سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر انکا شکریہ ادا کیا۔