ربیع الاول کا مہینہ اتحاد ویگانگت کی بنیاد ہے ، جس کے ذریعے ہم طاغوتی قوتوں کو شکست فاش دے سکتے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن

21

اٹک، 29 ستمبر  (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ   ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں سردارالانبیاء،رحمت للعالمین حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے، یہ مبارک مہینہ اتحاد ویگانگت کی بنیاد ہے اور جس کے ذریعے ہم طاغوتی قوتوں کو شکست فاش دے سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے جمعرات  کو یہاں  ڈی سی آفس اٹک میں ربیع الاول کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس مبارک مہینے میں بھر پور اتحاد و ایثار کا مظاہرہ کریں جس کی تعلیمات ہمارے رسول حضرت محمد ﷺ نے امت مسلمہ کو دیں۔اس مقدس ماہ میں حضورﷺ کی آمد سے کفر کے اندھیرے چھٹ گئے اور پوری کائنات میں ہر طرف رحمت پھیل گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس اہم ماہ میں ضرورت اس ا مر کی ہے کہ تمام مکاتیب فکر کے افراد ایک جگہ اکٹھے ہوں جس کا درس ہمارے دین اسلام نے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹک ہمیشہ امن و آشتی کا گہوارہ رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ یہ امن آئندہ بھی قائم رہے گا۔

 ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس سال ماہ مبارک سے متعلقہ تیاریاں مکمل کر لی ہیں،تمام اجتماعات کو بھر پور میونسپل سہولیات مہیاکی جائیں گی اور ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران اپنا بھر پور کر دار ادا کر یں گے۔

ڈی پی او اٹک فضل حامد نے  شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پولیس اٹک کی جانب سے ربیع الاول میں تمام مذہبی سرگرمیوں کو فول پر وف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔اس ضمن ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے اور اس پلان کے مطابق بھر پور عمل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ضلعی اور تحصیل سطع پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں سے لمحہ بہ لمحہ تمام صورتحال کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

اجلا س میں ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اپنے سفار شات اور تجاویز پیش کیں،جن پر قانون کے مطابق عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مسالک ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ اس مبارک مہینے میں بھر پور تعاون کا مظاہرہ کر یں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد، ضلعی افسران اور ممبران ضلعی امن کمیٹی نے شر کت کی۔