میرپورخاص،06 ستمبر(اے پی پی): وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے سیلاب کی تباہ کاری اور ریلیف کا کام دیکھنے کے لیئے رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار شاہ کے ساتھ تحصیل شجاع آباد کے مختلف گاؤں، گوٹھوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میر حسن دوھنکائی، عبدالسلام میمن، میر علی رضا تالپور، رکن ڈسٹرکٹ کونسل سید غلام مصطفٰی شاہ یوسی کھبڑی کے علاوہ گوٹھ کے مقامی افراد شامل تھے۔
صوبائی وزیر کو بارشوں کے بعد سے اب تک کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 15 روز سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی یہاں سے پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہوسکی جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور سندھ حکومت اقدامات کررہی ہے اور انشاءاللہ جلد ہی پانی کی نکاسی کا کام شروع ہو گا اور عوام کی مشکلات ختم ہونگی۔











