لاہوریکم ستمبر ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے چیئرمین پیڈمک محمد انیس خواجہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں پیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر نے پیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خصوصی اقتصادی زون معاشی ترقی کے انجن ہیں سپیشل اکنامک زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں صنعتی مراکز میں عالمی معیار کاانفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بننے والے 10سپیشل اکنامک زونز صوبے میں صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول موجود ہے۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہوتی ہے۔ چیئرمین پیڈمک محمد انیس خواجہ نے صنعتی مراکز میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔











