ملتان، 03 ستمبر (اے پی پی): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی ہدایت پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں اور عطیات کی وصولی کے حوالے سے رحمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے فلڈ ریلیف فنڈ بھی قائم کردیا گیا ہے۔
نشتر المنائی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ اب تک 25000 امریکی ڈالر بطور عطیہ جمع کروا چکی ہے جبکہ نشتر میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبہ کی تنظیم رحمت فاؤنڈیشن اب تک 400 خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر چکی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نانا کے بانی رکن ڈاکٹر شاہد اسحاق خود 10 ہزار ڈالر فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کر چکے ہیں۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے اپنے ایک بیان میں نانا، رحمت فاؤنڈیشن اور دیگر مخیر حضرات کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر غلام مجتبیٰ اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی زیر قیادت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیمیں رحمت فاؤنڈیشن کے عملے سے مل متاثرہ علاقوں بلخصوص راجن پور ڈیرہ جمال اور فاضل پور میں افراد کو نکالنے، راشن کی تقسیم اور طبی امداد کی فراہمی میں ہمہ وقت مصروف ہیں۔
ترجمان نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تمام تر تفصیلات نشتر میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہسپتال کے آفیشل فیس بک پیج پر روزانہ کی بنیاد پر شائع کی جا رہی ہیں۔











