اوکاڑہ03ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ معاشرتی ترقی، سماجی بہبود اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے جو بھی پروگرام شروع کیا جائے اس کے بہتر نتائج اس پروگرام میں طالبعلموں کی شمولیت سے ہی آتے ہیں، طالبعلم ایک موثر آواز اور سوسائٹی کا سب سے متحرک طبقہ ہے کسی بھی مہم میں ان کی شمولیت کامیابی کی ضمانت ہے۔ ڈینگی کا خاتمہ صفائی ستھرائی کے معاملات گھروں ، محلوں ،تعلیمی اداروں اور کام کرنے والی جگہ کو خشک رکھنے اور مچھروں کی افزائش کو روکنے کی مہم میں طالبعلم ہمارا ہراو ل دستہ ہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین اوکاڑہ میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے طالبعلموں کو امید کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت نے یہ ثابت کیا ہے جس کسی قوم کے نوجوان سوسائٹی کی بہتری کے لئے آگے بڑھنے کا ارادہ کر لیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید واثق ہے کہ بحثیت قوم ڈینگی پر قابو پائیں گے اور اپنے لوگوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہونگے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرکالجز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اخترحسین، ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ ڈاکٹر محمد اقبال ،سی ڈی سی آفیسر اصغر علی،پرنسپل ثمینہ زبیر، پروفیسر ریاض خان، پروفیسر طاہرہ منہاس، پروفیسر عائشہ سلمان، پروفیسر فروا نقوی، پروفیسر سعدیہ تہذین، پروفیسر یاسمین کاشف،پروفیسرز،لیکچراراور طالبعلموں نے شرکت کی۔بعدازاں گرلز کالج میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیرقیادت انسداد ڈینگی آگاہی واگ منعقد کی گئی۔











