فتنہ خان ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں کھلونا بن کر ایٹمی پروگرام رول بیک کرانا چاہتے تھے؛ایم این اے راؤ محمد اجمل خان

2

دیپالپور،16 ستمبر (اے پی پی ): مسلم لیگ ن کے   ممبر قومی اسمبلی و  چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی راؤ محمد اجمل خان نے کہا ہے کہ  سابقہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت ملکی معاشی صورتحال خطرناک صورت حال اختیار کر چکی تھی اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا گیا، فتنہ خان بین الاقوامی ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں کھلونا بن کر پاکستان کو معاشی طور پر ڈیفالٹ کراکے ملکی ایٹمی پروگرام رول بیک کرانا چاہتے تھے۔

 ان خیالات کا  اظہار راؤ محمد اجمل خان نے جمعہ کو یہاں  بجلی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   راو محمد اجمل خان نے  کہا کہ  پی ڈی ایم کی جمہوری قوتوں نے بروقت فیصلہ کرکے عمران خان کے خطرناک منصوبے  کامیاب نہیں ہونے دئیے  اور جمہوری طریقے سے حکومت سے نکالا، اپنی ناکامی پر اب عمران خان اور اس کے حواریوں میں صف ماتم بچھ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی جماعتوں کے بروقت فیصلوں کی بدولت آج ملکی معیشت سنبھل چکی ہے، آنے والے وقتوں میں جلد مہنگائی بےروزگاری اور عوامی مشکلات میں بتدریج کمی ہوگی، یہ وقت جلسے جلوسوں کا نہیں بلکہ سیلاب زدہ علاقوں کی عوام کی بحالی کا ہے۔

چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی راؤ محمد اجمل خان نے کہا کہ  ملک میں افراتفری پیدا کرنے والے ہوش کے ناخن لیں اور خدمت کے اس سفر میں اپنی کارکردگی دکھائیں، گزشتہ چار سالوں میں تو انہوں نے صرف سہانے خواب ہی دکھا کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود روشن پاکستان منصوبوں کی تکمیل کا عمل جاری ہے مہتاب والا فیڈر کی تکمیل سے پانچ ہزار گھریلو اور دو سو سے زائد زرعی ٹیوب ویلوں کے صارفین مستفید ہونگے اور وولٹیج کی کمی کے مسائل ختم ہونگے، اس منصوبےپر گیارہ کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ لگائی گئی ہے اس کے علاوہ کروڑوں روپے کی لاگت سے دیپالپور شہر اور ملحقہ آبادیوں کے80سے زائد  ٹراسفارمرز کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔