قوم   عمران خان   کو دی جانے والی ڈھیل کے نتائج بھگت رہی ہے ، مزید کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتی؛ جاوید لطیف

9

اسلام آباد،29ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان ایک  تراشا ہوا بت  ہے  جواب بڑا اژدھا بن چکا ہے، قوم  عمران خان   کو دی جانے والی ڈھیل کے نتائج بھگت رہی ہے اور اب  اسے مزید کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

جمعرات کو یہاں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ  ہمیں دیکھنا چاہیے تھا کہ نوازشریف مخالفت میں جو بت تراشا  گیاوہ اتنا طاقتور ہوجائے گا کہ ملکی سلامتی سے کھیل جائے اور ہم دیکھتے رہ جائیں ۔انہوں نے  سوال کیاکہ  عمران خان کی ضرورت کب ختم ہوگی ، یہ شخص ایک کے بعد دوسرےاور دوسرے کے بعد تیسرے ادارےکو  کمزور کرنے کے درپے رہا  ہے۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ قوم  عمران خان   کو دی جانے والی ڈھیل کے نتائج بھگت رہی ہے ۔ اس  کو ڈھیل  دینے کے مقاصد کب قوم کے سامنے آئیں گے ؟ اور ان کے مقاصد   بھی پوری قوم کی سمجھ سے بالاتر ہیں ۔ آج اگر ہم بات کریں کہ جو کچھ وہ کررہے ہیں یا کرنے جارہے ہیں کیا اس کو ریاست بار بار غداری کا مرتکب ہونے دے ؟  اس کو لگام عوام ڈالیں گے یا ریاستی ادارے اپنے ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اس کو لگام ڈالیں گے ؟۔  انہوں  نے کہا کہ ہر ادارہ بلکہ تمام ادارے اپنا اپنا کام کرتے ہیں، انتہائی حساس اور انتہائی ذمہ داری سے جس کی وجہ سے ریاست پاکستان کے ساتھ مختلف اوقات میں اس جیسے کھلنڈرے کھلاڑی کھیلتے  توآئے لیکن  اللہ کا شکر ہے کہ  پھر بھی پاکستان محفوظ ہے ۔ لیکن سوال اٹھتا ہے کہ اس کی ضرورت کب پوری ہوگی  تاکہ پاکستان اور عوام اس کی حرکات سے ہمیشہ کے لئے  محفوظ ہوسکیں ۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ قوم یہ سوال کرتی ہے  جس پاکستان کو یہ دلدل میں پھنسا گیا، پاکستانی معشیت کی تباہی کر دی، اخلاقیات کی تباہی کر دی، مذہب سے کھیلا یہاں تک کہ ملکی سلامتی سے کھیل رہا ہے کب تک اس کو بے لگام چھوڑا جائے گا ؟۔  جو کمیٹی بنی ہے  جو جو اس سہولت کاری میں ملوث ہوا اس کو سخت ترین سزا قومی مفاد میں دی جائے گی اور اب بہت ہوچکا یہ ایک کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسرے کے ساتھ کھیلے اور قوم خاموش رہے اب بھی اگر اس کو روک لیا جائے، آئینی طریقہ سے اس کو لگام دیجائے، قوم کو گمراہ کرنا جو اس کا وطیرہ بن چکا ہے اس سے قوم کو اس بھیانک عذاب سے بچایا جاسکتا ہے ۔

 وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف  نے کہا کہ اب سمجھ آگئی ہے کہ کون سی سازش کب اور کس نے کی اور سازش اقتدار سے ہٹانے کے لیے نہیں بلکہ اسے  اقتدار میں لانے کیلئے کی گئی تھی جو  اب قوم کے سامنے آچکی ہے ۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید  کرتے ہوئے  کہا کہ عمران خان کے دور میں بڑے بڑے مافیاز ٹائیکونز  عارف نقوی اور انیل مسرت جیسے درجنوں لوگ راتوں کو وزیر اعظم ہاؤس میں  رہتے تھے،آپ کا کھیلنا تو  ہے  ہی بشریٰ بی بی بھی اپنے مخالفین کیخلاف غداری کارڈ کھیلتی رہیں ۔